اسلام آباد،1مارچ (اے پی پی):مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار سردار ایاز صادق 199 ووٹ لے کر سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے۔ سبکدوش ہونے والے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ان سے حلف لیا۔ قومی اسمبلی میں نئے سپیکر کے انتخاب کےلیے پولنگ ہوئی۔ پولنگ کا عمل 11 بجے سے بعد از نماز جمعہ جاری رہا جس کے بعد سیکرٹری قومی اسمبلی نے دیگر عملے کے ساتھ پولنگ ایجنٹوں کی موجودگی میں گنتی کی۔کل 291 ممبران نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ایک ووٹ مسترد ہوا۔ سردار ایاز صادق نے 199 ووٹ جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کئے۔گنتی کے بعد اتحادی جماعتوں کے ارکان نے سردار ایاز صادق کو مبارکباد دی۔بعدازاں نومنتخب سپیکر سردار ایاز صادق اپنے حریف سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ملک عامر ڈوگر کی نشست پر گئے اور جمہوری عمل کا حصہ بننے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ایاز صادق قومی اسمبلی کے 22 ویں سپیکر منتخب ہوئے ہیں ۔