ملتان:”نگہبان رمضان پیکج” کی تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر

58

ملتان ،یکم مارچ(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر “نگہبان رمضان پیکج” کی تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں عوام کو ماہ رمضان المبارک میں ریلیف دینے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے یکم رمضان المبارک سے نادار طبقہ کیلئے راشن بیگز کی تقسیم کی حکمت عملی تیار کرلی  ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان پیکج کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ 3 لاکھ 37 ہزار سے زائد نادار افراد کو18 کلو کا راشن بیگ دیا جائے گا جبکہ راشن بیگ میں 10 کلو آٹا،2 کلو چینی، 2 کلو بیسن، 2 کلو گھی اور 2 کلو چاول۔شامل ہونگے۔

رضوان قدیر کا کہنا تھا کہ نادار افراد کی گھر گھر جاکر اور بذریعہ ٹیلیفون تصدیق بھی کی جارہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، نادرا ڈیٹا کے تحت نادار افراد منتخب کئے گئے ہیں جبکہ عوام کیلئے شمس آباد میں سستا رمضان بازار لگایا جائے گا۔