چین اور پاکستان کے درمیان تعاون میں پیشرفت سے خواتین کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے؛ چینی سی جی

18

 

کراچی، 06 مارچ (اے پی پی): چین کے قونصل جنرل   ( سی جی ) یانگ یونڈونگ  نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)منصوبوں نے پاکستان میں بڑی تعداد میں ملازمتیں پیدا کی ہیں اور خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ چین اور پاکستان کے درمیان تعاون میں پیشرفت سے آنے والے سالوں میں خواتین کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی میں چین کے قونصلیٹ جنرل کی جانب سے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سابق وفاقی وزیر بیرسٹر شاہدہ جمیل، خواتین کاروباری شخصیات،  تجارت، تعلیم، ثقافت اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں سے وابسطہ سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خواتین کے ساتھ ساتھ پاکستان میں مقیم چینی خواتین نے بھی شرکت کی۔

سی پیک منصوبوں کے ذریعے روزگار کے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے سی جی نے بتایا کہ تھر کول منصوبہ میں سو سے زائد خواتین نے ٹرک چلانے کی تربیت حاصل کی ہے اور درجنوں خواتین ٹرک ڈرائیورز اس وقت برسرروزگا ہیں جو پروجیکٹ کی تعمیر میں حصہ لے رہی ہیں۔

چینی سی جی نے کہا کہ خواتین اپنے اپنے شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور پاکستان میں معاشی اور سماجی ترقی کے فروغ اور چین اور پاکستان کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور دوستی کو بڑھانے میں مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی کے مقاصد چین اور پاکستان کے مابین تعاون کے اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی وزارت ترقی نسواں اور آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن (اپوا)چین اور پاکستان کے درمیان عملی تعاون میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔

 چین کے قونصل جنرل   ( سی جی ) یانگ یونڈونگ نے بینظیر بھٹو کا ذکر کرتے ہوئے کہا وہ کسی بھی مسلم ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں اور صوبہ پنجاب کی نومنتخب وزیراعلیٰ مریم نواز پاکستان کی تاریخ میں کسی صوبہ کی پہلی انتظامی سربراہ ہیں۔انہوں نے اے ایس پی سیدہ نقوی کا بھی ذکر کیا جنہوں نے حال ہی میں لاہور میں ایک مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بچایا اور ایک اور پولیس افسر سہائی تالپور کا بھی ذکر کیا جنہوں نے 2018 میں ایک حملے کے دوران چینی قونصلیٹ کی حفاظت کے لیے شاندار خدمات انجام دیں۔

اس موقع پر بیرسٹر شاہدہ جمیل نے خطاب کرتے ہوئے چینی انقلاب کی خواتین رہنمائوں کی ثابت قدمی اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان کی آزادی میں محترمہ فاطمہ جناح کے کردار کو سراہا۔

سی ای او سکھر بیوریجز سعیدہ لغاری، کراچی میں اوورسیز چائنیز ایسوسی ایشن کی نمائندہ وانگ ہوا یو، میڈیا پرسن ردا اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کی شرکت کی حوصلہ افزائی پر زور دیا۔