اسلام آباد،07 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ نجکاری کا عمل برق رفتار بنایاجائے تاکہ معیشت کی بحالی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کا عمل تیز ہو، نجکاری کے ذمہ دار ادارے صلاحیت بڑھانے اور مطلوبہ استعداد حاصل کرنے کے فوری اقدامات کریں، حائل رکاوٹوں کو جلد ازجلد دور کیاجائے تاکہ ملک وقوم کو اربوں روپے کے خساروں سے نجات ملے اور پاکستان کی معاشی حالت بہتر ہو۔
وزیراعظم نے نجکاری کے عمل میں شامل تمام اداروں کی مکمل فہرست اورپیش رفت کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وقت کے واضح تعین کے ساتھ اقدامات اور اہداف کی تفصیل پیش کی جائے۔
وزیراعظم ہاﺅس میں نجکاری کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے نجکاری کمیشن اور وزارت نجکاری کو ہدایت کی کہ کابینہ کی تشکیل کے ساتھ ہی پرائیویٹائزیشن سے متعلق زیرالتوا حل طلب مسائل پیش کئے جائیں تاکہ کابینہ ان پر فیصلہ کرے اور یہ معاملہ حل ہو۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ خسارے میں چلنے والے اداروں کی بھاری قیمت ملک اور عوام ادا کرنے پر مجبور ہیں۔