امریکی  قونسل جنرل  لاہور کا وفد کے ہمراہ ڈیرہ غازی خان کا دورہ

28

ڈیرہ غازی خان، 07 مارچ (اے پی پی):امریکی  قونسل جنرل   لاہور کرسٹن کے ہاکنز کی سربراہی میں وفد نے  ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا۔ وفد  میں  پولیٹکل و اکنامکس چیف لاہور  نکلولس کٹاسکس،میتھیو ولسن اور پولیٹیکل سپیشلسٹ لاہور صدف سعد  شامل تھیں۔

کمشنر ڈی جی خان  ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے وفدکو ڈی جی خان ڈویژن کی جغرافیائی صورتحال اور چیلنجز  بارے آگاہی  فراہم کی۔آر پی او ڈی جی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے امن و امان سے متعلق آگاہ کیا۔

کمشنر  ڈی جی خان  نے  کہا کہ ڈی جی خان  ٹرائی بارڈر ایریا ہونے کی وجہ سے  انتہائی چیلنجنگ ڈویژن ہے۔ڈویژن کا 53 فیصد سے زائد  علاقہ پہاڑوں اور دریاؤں پر مشتمل ہے۔انہوں نے بتایا کہ قبائلی فورس  بی ایم پی اور بلوچ لیوی کی وجہ سے  ڈی جی خان ڈویژن کی منفرد شناخت ہے اور ڈی جی خان ڈویژن میں تعلیم،صحت،لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقائی ترقی اور روزگار کےلئے ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ،انڈسٹریل سٹیٹ کےلئے کام کرنا ہوگا۔

کمشنر نے کہا کہ ڈی جی خان میں ہر سال رود کوہیوں اور   سیلاب کا  خدشہ رہتا ہے لہذا وسیع علاقہ کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کےلئے جامع  منصوبہ  بندی کی ضرورت ہے۔کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی  کےلئے دستیاب وسائل کا بہتر استعمال کررہے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک ،ڈی پی او احمد محی الدین،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن کریم بخش ،پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اسد چانڈیہ،اے ڈی سی آر میاں رضوان نذیر،ایس ای انہار شاہد سلیم،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وفنانس وسیم اختر جتوئی،ڈائریکٹر لائیو سٹاک محمود اعجاز،ڈائریکٹر زراعت مہر عابد حسین ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری ،سی ای او ایجوکیشن عبدالرحمن ،ڈی بی اے شہزاد قدیر اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔