پاکستان اور یورپی یونین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے؛دفتر  خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کی پریس بریفنگ

26

اسلام آباد،7مارچ (اے پی پی):دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور فالو اپ اقدامات کے لئے ادارہ جاتی میکانزم کے باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

 جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں  انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسلام آباد میں سیاسی ڈائیلاگ کا 9 واں دور منعقد ہوا جس کی مشترکہ صدارت سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی اور یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اینریک مورا نے کی۔ ترجمان نے کہا کہ انہوں نے یورپی یونین کے فلیگ شپ پروگرامز گلوبل گیٹ وے سٹرٹیجی اور ہورائزن یورپ کے تحت نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین نے پاکستان اور یورپی یونین کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں پر بات چیت کی جس میں سٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان، تجارت اور ترقیاتی تعاون، سلامتی، موسمیاتی تبدیلی کے  علاوہ مائیگریشن اور موبلٹی پر تبادلہ خیال بھی شامل ہے۔ دونوں فریقوں نے اہم علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور تیزی سے بدلتے ہوئے جغرافیائی سیاسی منظر نامے کے درمیان قریبی تعاون اور بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔