ملتان ؛ 8 مارچ عالمی یوم خواتین، ایک روزہ فری گائنی کیمپ کا انعقاد

29

ملتان،08 مارچ(اے پی پی): عالمی یوم خواتین کے موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور شمیم  اختر کمپلیکس کلینک کے زیراہتمام منعقدہ ایک روزہ فری گائنی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

 ماہر تعلیم وائس چانسلر وومن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا ہے کہ عورت معاشرے کا حسن ہے صحت مند ماں صحت مند معاشرے کو جنم دیتی ہے خواتین کے پوشیدہ اور پیچیدہ امراض کی درست تشخیص و علاج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار مہمانان خصوصی نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر ایک روزہ فری گائنی کیمپ کے موقع پر خطاب میں کیا۔ اس موقع پر معروف ماہر امراض نسواں ڈاکٹر ناصرہ نسیم نے خواتین کو درپیش پیچیدہ و پوشیدہ امراض کا مفت طبی معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کی گئیں علاوہ ازیں فری شوگر ٹیسٹ، بلڈ پریشر اور الٹرا ساوْنڈ بھی کیا گیا۔

 کیمپ میں سو سے زائد مریض خواتین کا طبی معائنہ کیا گیا اس موقع پر وائس چانسلر وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ اور رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر میمونہ یاسمین نے فری گائنی کیمپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے خواتین وسائل کی عدم دستیابی، ڈر خوف اور معاشرتی مسائل کی وجہ سے اپنے ایسے امراض چھپالیتی ہیں ایسے میں فری گائنی کیمپ میں سپیشلسٹ ڈاکٹر کے ذریعے ان کے مسائل سننا اور مفت ادویات دینا صدقہ جاریہ ہے۔ ڈاکٹر ناصرہ نسیم، ڈاکٹر مسعود الروّف ہراج، طاہرہ نجم نے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت سے اللہ تعالیٰ راضی ہوتا ہے غریب و نادار مریض ایسے امراض کا علاج معالجے کی سکت نہیں رکھتے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور شمیم اختر کمپلیکس نے فری گائنی کیمپ منعقد کرکے ایسے مریضوں کی دلجوئی کی ہے۔

نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نے ہمیشہ منفرد کام کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے عالمی یوم خواتین پر ہم نے اس کیمپ کے ذریعے خواتین کو سہولت فراہم کی ہے۔ اس موقع پر میاں محمد ماجد،علی رضا مرزا، ڈاکٹر نیاز، و دیگر نے  بھی خطاب کیا آخر میں کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ ڈاکٹر ناصرہ نسیم کی طبی خدمات کے اعتراف میں انہیں خصوصی ایوارڈ پیش کیا گیا۔

مہمانان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ سمیت  رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ یاسمین خان، صدر پی ایم اے ڈاکٹر مسعود الروْف ہراج،کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ ڈاکٹر ناصرہ نسیم، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم،  خاتون سماجی رہنما مسزطاہرہ نجم، ماہر تعلیم پرنسپل گورنمنٹ سیکنڈری اسکول آف سپیشل ایجوکیشن میاں محمد ماجد اور ایڈیشنل سیکرٹری وائے پی او مرزا علی رضا  نے کیمپ میں شرکت کی۔