سیالکوٹ میں ٹینس بال کی تیاری کے لیے پہلا پلانٹ لگانے جا رہے ہیں؛ ارشد لطیف بٹ

12

 

سیالکوٹ،10مارچ(اے پی پی):چیئرمین پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچررز  اینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایس جی ایم ای اے)ارشد لطیف بٹ نے کہا ہے کہ ہم سیالکوٹ میں ٹینس بال کی تیاری کے لیے پہلا پلانٹ لگانے جا رہے ہیں جس سے نہ صر ف ہمیں بلکہ پورے ملک کو فائدہ ہو گا، اس سے قبل آج تک ہم انڈونیشیا اور چین سے ٹینس بال درآمد کرتے آ ئے ہیں لیکن اس پلانٹ کے لگنے سے نہ صرف ہماری درآمدات میں کمی آئے گی بلکہ ہم اپنا ٹینس بال بیرون ممالک کو برآمد بھی کر سکیں گے جس سے ہمارے ملکی زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہو گا اور ملک بھی آگے بڑھے گا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس گڈزمینوفیکچررز   اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن  کے آڈیٹوریم میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پلانٹ کی تیاری کے لیے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف)نے 93.586 ملین روپے کے فنڈز بھی جاری کر دئیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹینس بال کی تیاری کے لیے لگنے والے اس پلانٹ سے ہمارے بچے اور بچیوں کو بہتر روزگار بھی میسر آئے گا اور وہ ایک بہترین ہنر مند افراد بن کر ملک و قوم کی تعمیروترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں گے۔

ارشد لطیف بٹ نے کہا کہ ٹینس بال کی تیاری کے پلانٹ کی تیاری کے لیے رقم بھی آ چکی ہے اور انشاءاللہ بہت جلد اس پر باقاعدہ کام کا آغاز بھی کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹینس بال کے اس پلانٹ کا یہاں لگ جانا ہماری صنعت کے لیے بھی بہت مفید ثابت ہو گا اور بلاشبہ یہ ہماری صنعت کے لیے ایک بہت بڑا کارنامہ بھی ہے جسے ہم سرانجام دینے جا رہے ہیں۔

چیئرمین پی ایس جی ایم ای اے کا کہنا تھا کہ اس پلانٹ کو چلانے کے لیے حکومت  اور پرائیوٹ سیکٹر مل کر کام کریں گے جس کے دورس نتائج حاصل ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم پاکستان سپورٹس گڈز مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے کاروبار اور اکیڈمیا لینکجز کے استحکام کے لیے بھی کوشاں ہیں تاکہ ہنر مند بچے آگے آئیں جو  ملک و قوم کے لیے بھی مفید ہے، اس ضمن میں ہم نے گفٹ یونیورسٹی سمیت ڈاکٹر معید اور دیگرز تعلیمی اداروں کے ساتھ بھی مختلف ایم او یو سائن کیے ہیں جس کا فائدہ ہماری صنعت کے ساتھ ساتھ ان تعلیمی داروں کے طلباء کو بھی ہو گا اور وہ ایک ہنر مند شہری بن کر باعزت روزگار کما سکیں گے۔

 سینئر وائس چیئرمین پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچررز اینڈ  ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن ضرار احمد ڈوڈھی، سیکرٹری جنرل محسن مسعود سمیت ایگزیکٹو باڈی کے ممبران بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔