اسلام آباد،12 مارچ(اے پی پی): محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں کے دوران موسلا دھار بارشوں کے باعث گوادر، کیچ، تربت اور پنجگور کےندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
اسی ہفتے کے دوران مری، گلیات، ناران، کاغان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں شدید بارش اور چند مقا ما ت پر برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈسلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرداور مطلع جزوی ابر آلود رہا۔ تاہم شمالی بلوچستان،وسطی/جنوبی پنجاب میں چند مقا مات پر بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش کوئٹہ میں 07 ، لاہور میں 02، ڈیرہ غازی خان 01 اور بگروٹ میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ میں منفی 07 ،اسکردو منفی 05، کالام منفی03،گوپس منفی 02، ہنزہ اور بگروٹ میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔











