گورنر حاجی غلام علی کا اسلامیہ کالج پشاور میں فارن فیکلٹی ہاسٹل کا افتتاح

27

پشاور،14مارچ(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے جمعرات کے روز اسلامیہ کالج پشاور کا دورہ کیا اور اسلامیہ کالج پشاور میں فارن فیکلٹی ہاسٹل کا افتتاح کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل مجید اور فیکلٹی اراکین نے کالج پہنچنے پر گورنر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گورنر کو بتایا گیا کہ فارن فیکلٹی ہاسٹل ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے مالی تعاون سے تعمیر کیا گیا ہے، اور یہ 16 کمروں پر مشتمل ہاسٹل 50 ملین روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے جس میں بہترین رہائشی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

گورنر نے اسلامیہ کالج کے مرکزی داخلہ راستہ کو تاریخی فن تعمیر کی طرز پر تعمیر کرنے کی ہدایت کی اور ہاسٹل سے منسلک سبزہ زار کی درستگی و خوبصورتی میں اپنی جانب سے تعاون کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہاکہ اسلامیہ کالج صوبہ کا تاریخی تعلیمی ادارہ ہے، اسلامیہ کالج کے تعلیمی معیار کے ساتھ اسکی عمارت کی فن تعمیر اپنی مثال آپ ہے۔اسلامیہ کالج کے تمام ترقیاتی منصوبوں میں فن تعمیر و اعلی معیار یقینی بنانا چاہئیے۔

وائس چانسلر اسلامیہ کالج نے اس موقع پر گورنر کو سالانہ رپورٹ پیش کی اور گورنر کو اسلامیہ کالج کی یادگار تاریخی تصویر بطور سونیئر بھی پیش کی۔اس موقع پرسابق صوبائی وزیرمولاناامان اللہ حقانی بھی موجود تھے۔