صدر مملکت نے یہ بات وفاقی وزارت صحت کی طرف سے دی گئی ایک خصوصی بریفنگ کے موقع پر کہی جس میں انھیں غیر معمولی ادویات کی تیاری اور قیمتوں کے تعین کے بارے میں مجوزہ وفاقی پالیسی کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے بریفنگ میں گہری دلچسپی لی اور ہدایت کی کہ پالیسی کی افادیت میں اضافے کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیا جائے ۔ صدر مملکت نے پاکستان میں تیار ہونے والی دواؤں کے معیار کی تصدیق کے لیے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی منظور شدہ فیڈرل ڈرگ سیکیورٹی لیبارٹری کی جلد فعالی پر زور دیا تاکہ پاکستان میں تیار ہونے والی ادویات کی برآمد ات میں اضافہ ہو سکے ۔
وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے اس موقع پر بتایا کہ ضروری قانونی مراحل کی تکمیل کے بعدجلد ہی غیر معمولی امراض کے علاج کے لیے آرفن ڈرگز پالیسی کا نفاذ عمل میں آ جائے گا ۔
اے پی پی/ حمزہ/خالداعوان