ریاض،17 مارچ (اے پی پی ):سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے“ سعودی عرب گرین انیشیٹیو” کے تحت ثقات نیشنل پارک میں شجر کاری مہم کا اہتمام کیا، مہم میں پاکستانی سفارت خانے کے افسران اور عملے کے ساتھ ساتھ ان کے خاندانوں نے 100 سے زیادہ پودے لگائے۔سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق کی قیادت میں اس مہم کا اہتمام سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈویلپمنٹ کے تعاون سے کیا گیا تھا۔سفیر پاکستان کے ہمراہ پاکستان انٹرنیشنل سکول ریاض اور پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن ریاض کے طلباء نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔
اس موقع پر سفیر احمد فاروق نے کہا کہ ان کی یہ کوشش نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کے لیے پاکستان کے ”غیر متزلزل عزم” کی نشاندہی کرتی ہے بلکہ سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے سبز اقدامات کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کی بھی گواہی دیتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری مہم دوستی اور تعاون کے بندھنوں کو مضبوط کرتی ہے جو دونوں قوموں کو متحد کرتی ہے۔