اسلام آباد، 18 مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ایتھنول مینوفیکچرر ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے پیر کو یہاں ملاقات کی ، ملاقات کا مقصد بات چیت کو فروغ دینا اور ایتھنول کی صنعت کو درپیش چیلنجز کے لیے قابل عمل حل تلاش کرنا تھا۔
ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا کوئی بھی بڑا فیصلہ کرنے سے پہلے اسٹیک ہولڈرز کو بلانے کے اقدام کو سراہا۔ وزیر جام کمال نے صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مفادات کی وکالت کریں گے اور اس کے ساتھ ساتھ مقامی صنعت کو سپورٹ کرنے کے لیے ان کے خدشات دور کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ دوسری طرف زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کے لیے برآمدات کے حجم میں بھی اضافہ کریں گے۔
ایتھنول مینوفیکچرر ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے لوکل ایتھنول کی صنعت کو برقرار رکھنے کے لیے طویل مدتی پالیسی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مقامی پیداوار پر منفی اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے، ضرورت سے زیادہ مولاسس کی برآمدات کی اجازت دینے کے خلاف وکالت کی۔
ایتھنول ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے حکام پر زور دیا کہ وہ چینی کی مینوفیکچرنگ کو بڑھانے کے لیے خام چینی کی درآمد کی اجازت دیں۔
وزیر جام کمال نے شرکاء کو ان کے مسائل کو ترجیح دینے کے حکومتی عزم کا یقین دلایا۔ انہوں نے صنعتی ترقی کو تقویت دینے اور غیر ملکی ذخائر کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کوششیں تیز کرنے کا عہد کیا۔
وزیر جام کمال نے اہم شعبوں کی خوشحالی اور ترقی کے لیے اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور اقتصادی ترقی اور قومی لچک کو بڑھانے میں ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔