اسلام آباد،18مارچ (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکہ کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنا ہوں گے، امریکی کاروباری اداروں کو پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت میں جدید کاروباری آئیڈیاز لانے کی ترغیب دی جانی چاہیے۔
صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ سات دہائیوں پر محیط دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات ہیں جنہیں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی اولین ترجیح اپنی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنا اور اقتصادی اور سکیورٹی چیلنجز پر قابو پانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے، اور پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو اس کے منفی اثرات کا سب سے زیادہ شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آبپاشی کے جدید طریقوں کو اپنا کر اپنے زرعی شعبے کو بہتر بنانا چاہتا ہے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ تجارت اور سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، زراعت اور سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ نے پاکستان کے تعلیمی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے موسمیاتی لحاظ سے لچکدار اسکولوں کی تعمیر کے لیے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام مکمل کیا ہے۔
امریکی سفیر نے صدر مملکت کو دوسری مرتبہ عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔