ملتان ، 20 مارچ (اے پی پی ): ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا ہے کہ تعمیر وطن کے عظیم مشن کی تکمیل کیلئے تحریک پاکستان جیسے جذبہ حُب الوطنی کی ضرورت ہے۔
23مارچ کے حوالے سے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان سے خصوصی گفتگو میں پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے۔ 23 مارچ 1940ء کو قرارداد پاکستان ، جسے قرارداد لاہور بھی کہا گیا تھا، پیش کی گئی تھی، جس کی بنیاد پر مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے جدا گانہ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی تھی اور سات برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی۔
انہوں نے کہا کہ اب ان شاءاللہ پاکستانی قوم تعمیر وطن کے عظیم مقصد کے حصول کیلئے بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔