ڈیرہ غازی خان، 20 مارچ (اے پی پی):ضلع ڈیرہ غازی خان میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم25مارچ سے شروع ہو گی جس میں 8لاکھ سےزائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔اس حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں بتایا گیاکہ ڈیرہ غازی خان میں8لاکھ562پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے اور حکومت پنجاب کی ہدایت پر پولیوفری پاکستان کیلئے اقدامات کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے موذی مرض پر قابو پانے کیلئے پوری فورس کے ساتھ میدان میں اترا جائے اور ڈیرہ بگٹی، چمن سے پولیو کیسز پازیٹو آنے پر ہمیں محتاط رہنا ہوگااور کہا کہ سرحدی علاقوں میں پولیو ٹیموں کو مکمل سیکورٹی فراہم کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمیں گزشتہ مہم کی کمی بیشی کو دیکھتے ہوئے کوتاہیاں دور کرنا ہوں گی اور مائیکرو پلان پر عمل کرکے پراگریس میں بہتری لانا ہمارا ٹارگٹ ہونا چاہیئے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہاکہ شہری اپنے بچوں کومستقل معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں،انہوں نے کہاکہ ہم نگہبان راشن تقسیم عمل میں ہیلتھ سٹاف کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری نے انسداد پولیو پلان بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر ڈاکٹر کامران بھٹہ،زبیر مصطفیٰ،ہما مہدی لغاری،عبدالرحمن،عطاء اللہ ساجد،بلال متین ودیگر موجود تھے۔