اسلام آباد،20 مارچ(اے پی پی ): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے اور یورپی یونین کی سفیر نے جام کمال خان کو وزارت تجارت کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیر تجارت جام کمال خان نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سکیم کو سراہا جو کہ یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات کے لیے فائدہ مند ہے۔سفیر کیونکا نے اس حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق، ماحولیاتی معیارات اور گڈ گورننس سے متعلق بین الاقوامی بنیادی کنونشنز کی پابندی کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر جام کمال خان نے کنونشنز پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔