اسلام آباد،21مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پائیداراقتصادی ترقی اور نمو کے لئے حکومت محصولات میں اضافہ٫سرکاری کاروباری ملکیتی اداروں میں گورننس کی بہتری اور سرکاری ونجی شعبے کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ینگ یی سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کے ضمن میں پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان جاری تعاون اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈایکٹر نے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول کے معاہدے پر وزیر خزانہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ مارکیٹ نے اس کا بہت مثبت رد عمل دیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے کردار کو سراہا۔وزیر خزانہ نے بالخصوص پالیسی کی بنیاد پر قرضہ جات کی فراہمی اور وبائی امراض وسیلاب کے اثرات کو کم کرنے کے لئے پاکستان کی معاونت کی تعریف کی۔ ملاقات میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام اور سی ڈی ریپ پروگرام کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ نے ایشیا اور بحر الکاہل کے خطے میں ماحولیاتی وموسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کردار کی تعریف کی اور اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کوپاکستان کے موسمیاتی اہداف کے مطابق اپنے آپریشنز کوترتیب دینا چاہئے۔
وزیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کومحصولات میں اضافہ سرکاری ملکیتی اداروں میں اصلاحات نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سمیت اہم شعبوں میں حکومتی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کلی معیشت کے استحکام اور پائیدار نمو اور ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
ملاقات میں فریقین نے پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے سے اتفاق کیا۔