انچارج وفاقی محتسب کراچی ریجن کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر ون ونڈو فیسیلیٹیشن ڈیسک کا دورہ

32

کراچی، 21 مارچ (اے پی پی):ممبر(انچارج)وفاقی محتسب ریجنل آفس کراچی نوید احمد شیخ نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ون ونڈو فیسیلیٹیشن ڈیسک پر مسافروں کو دی جانے والی سہولیات اور آپریشنز کا معائنہ کیا۔

انہوں نے جمعرات کو اپنے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو فیسیلیٹیشن ڈیسک پر 11 مختلف محکمے چوبیس گھنٹے کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ اپنے دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد ون ونڈو فیسیلیٹیشن ڈیسک پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور شکایات کے ازالے کی صورتحال اور رفتار کا جائزہ لینا تھا۔انہوں نے کہا کہ ون ونڈو فیسیلیٹیشن ڈیسک دراصل بیرون ملک مسافروں کے لیے قائم کیا گیا تھا لیکن یہ سہولت عام مسافروں کو بھی فراہم کی جارہی ہے۔

 نوید احمد شیخ نے کہا کہ وہ ڈیسک کی کارکردگی کو مذید بہتر بنانے کے لیے دورے کے حوالے سے  وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کو اپنی رپورٹ بھی پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران انہوں نے ون ونڈو فیسیلیٹیشن ڈیسک پر تعینات عملے کی حاضری بھی چیک کی جہاں تمام متعلقہ نمائندے اپنی ڈیوٹی پر موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ آج تقریبا 12ً اور 15 الگ الگ شکایات موصول ہوئیں جنہیں حل کر دیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو فیسیلیٹیشن ڈیسک پر تمام متعلقہ حکام کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے عام شکایات کا مشاہدہ کیا ہے جن میں بعض ایئر لائنز کے ساتھ مسافروں کی بورڈنگ اور بیرون ملک ملازمت کے لیے  جانے والے مسافروں کو تحفظ فراہم کرنے کے مسائل شامل ہیں۔

 نوید احمد شیخ نے مزید کہا کہ دورے کے مشاہدات کو متعلقہ محکموں کو بھی پیش کیا جائے گا تاکہ ہوائی اڈے پر مسافروں کو آسانی سے خدمات فراہم کی جاسکیں۔قبل ازیں نوید احمد شیخ نے ون ونڈو فیسیلیٹیشن ڈیسک پر سہولیات کا معائنہ کیا اور عہدیداروں کے حاضری رجسٹر کے ساتھ ساتھ موصول ہونے والی شکایات کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ون ونڈو فیسیلیٹیشن ڈیسک وفاقی محتسب کا ایک اقدام ہے جو کہ ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر قائم کیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کو پاکستان آنے یا جانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔