وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز  چودھری سالک حسین سے گرینڈ مفتی بوسنیا ہرگزوینیا ڈاکٹر حسین  کی ملاقات

40

اسلام آباد،21مارچ (اےپی پی):وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز  اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چودھری سالک حسین سے گرینڈ مفتی بوسنیا ہرگزوینیا ڈاکٹر حسین  نے جمعرات کو  یہاں  ملاقات کی۔وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے گرینڈ مفتی بوسنیا ہرزگوینیا کو قائد اعظم ایوارڈ کی نامزدگی پر مبارکباد پیش کی ۔صدر مملکت پاکستان  گرینڈ مفتی بوسنیا ہرزگوینیا ڈاکٹر حسین کو  23مارچ کو ستارہ قائد اعظم سے نوازیں گے۔

وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے وزارت کے ماتحت اداروں کی کارگردگی بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ وزارت کے تحت چلنے والے ادارے ملکی اور سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح کیلئے مصروف عمل ہیں۔

 اس موقع پر گرینڈ مفتی ڈاکٹر حسین نے کہا کہ  پاکستان اور بوسنیا کے عوام مضبوط رشتے میں بندھے ہیں۔انہوں نے بوسنیا ہرزگوینیا میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ  مسلم امہ میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔

گرینڈ مفتی ڈاکٹر حسین نے کہا کہ  بوسنیا ہرزگوینیا کو غیر ملکی افرادی قوت درکار ہے ،پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت دستیاب ہے، پاکستانی ہنر مند بوسنیا کی ضرورت کے مطابق خدمات سرانجام دے سکتے ہیں، پاکستان اور بوسنیا افرادی قوت کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے  دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

وفاقی وزیر اور گرینڈ مفتی نے ملاقات کو دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے بہترین قرار دیا۔ملاقات میں بوسنیا کے سفیر، اعزازی قونصل جنرل بوسنیا اور وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر ارشد بھی موجود تھے۔