وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ  کے وفد کی ملاقات

13

اسلام آباد، 22 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ  کے وفد کی ملاقات ہوئی جس کی قیادت سلطان بن عبدالرحمٰن المرشد، چیف ایگزیکٹو آفیسر سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ  کر رہے تھے۔

 وزیراعظم نے سعودی عرب اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات کو سراہا اور صحت، توانائی، انفراسٹرکچر اور تعلیم کے شعبوں میں پاکستان کو مالی امداد فراہم کرنے کے لیے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ  کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

سی ای او، ایس ایف ڈی نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کے ساتھ ساتھ قومی سول ایوارڈ ہلالِ قائداعظم سے نوازنے پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ  اور حکومت پاکستان کے درمیان آزاد جموں و کشمیر میں ہائیڈرو پاور سٹیشنوں کی تعمیر کے لیے 107 ملین امریکی ڈالر کے مالیاتی معاہدوں کو بھی سراہا، جو نہ صرف صاف توانائی فراہم کریں گے بلکہ جنگلات کی کٹائی کے خطرے کو ختم کرنے میں بھی مدد کریں گے۔ اور مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کریں گے۔