گلگت،23 مارچ (اے پی پی):یوم پاکستان کے موقع پر زندگی کے مختلف شعبوں میں شاندار خدمات انجام دینے والے گلگت بلتستان کے 8 افراد کو صدر پاکستان کی جانب سے سول اعزازات سے نوازا گیا ۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے گورنر ہاؤس گلگت میں ایک مختصر مگر پروقار تقریب میں ان 8 افراد کو سول ایوارڈز عطاء کئے۔ جن افراد کو یہ خصوصی اعزازات عطاء کئے گئے ان میں شیرباز خان کو خدمات عامہ کے شعبے میں ستارہ امتیاز اور کھیلوں کے شعبہ سکنگ میں بہترین کارکردگی پر افراء ولی کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا ۔ اسطرح غلام حسین انجم کو شعبہ تعلیم ،ادب اور تحریر میں بہترین کارکردگی پر تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا ۔ممتاز اختر کو سماجی خدمات کے شعبے میں شاندار کارکردگی پر تمغہ شجاعت عطاء کیا گیا۔ مشہور باکسر عثمان وزیر تاجور کو کھیلوں کے شعبے باکسنگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر تمغہ امتیاز عطاء کیا گیا۔-مولانا محمد معاذ کو مذہب کے شعبے میں بہترین مذہبی سکالر کی حیثیت سے تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔امجد حسین کو شعبہ تعلقات عامہ میں بہترین کارکردگی پر تمغہ امتیاز عطاء کیا گیا۔اسی طرح ڈاکٹر اسامہ ریاض شہید کو شعبہ صحت میں کورونا وائرس کے دوران شاندار خدمات سر انجام دینے پر تمغہ امتیاز بعد از شہادت سے عطاء کیا گیا ۔