اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی ( پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری نے جینکوز کے حکام سے ملاقات کی اور تفصیلی بریفنگ لی ۔اجلاس میں وفاقی وزیر نے جینکوز کے انتظامی امور پر تشویش کا اظہار کیا۔
منگل کو ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر نے جینکوز کے حکام کو تمام جینکوز کی پرائیویٹائزیشن اور ان کے اثاثہ جات کی فروخت یا متبادل استعمال کیلئے تفصیلی رپورٹ طلب کی تاکہ موجودہ حکومت خزانہ پر بوجھ بننے والے ان اداروں کے متعلق فیصلہ کر سکے۔علاوہ ازیں سردار اویس احمد خان لغاری نے جینکوز کے سرپلس ملازمین کے متعلق بھی رپورٹ طلب کر لی تاکہ اضافی ملازمین کے بارے میں بھی جلد فیصلہ کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے جینکوز کے حکام کو عدالتوں میں زیر التوا ءکیسز کی احسن طریقے سے پیروی کرنے کی ہدایت جاری کی تاکہ اداروں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔