اسلام آباد ، یکم اپریل (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ہمارا ٹارگٹ برآمدات کو پچاس ارب ڈالر تک لے کر جانے کا ہے ، ٹیکسٹائل سیکٹر برآمدات کا ایک بڑا حصہ دار ہے جس پر خصوصی توجہ دیں گے اس کے علاوہ ہمارا عزم ہے کہ زراعت کے شعبے کو بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ یہ شعبہ ترقی کرے کیونکہ یہ ہماری معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ میں یوٹیلٹی سٹور کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدالات کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے، ہمارا صرف ایک فوکس ہے کہ پاکستان کو مسائل سے نکالنا ہے اور معیشت کو بہتر کرتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے ۔
وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت نے ہمیشہ عوام کو ریلیف دینے اور معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے ہیں لیکن پی ٹی آئی کے دور حکومت میں عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے لیکن ہم ملک کو ان حالات سے نکالنے اور اس کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں جس کے اثرات جلد سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ قوموں پر مشکل وقت آتا ہے لیکن ہمارا عزم ہے کہ ملک کو اس مشکل وقت سے اپنے ملک کو نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہوں پر گامزن کریں ۔
وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ عدلیہ کو آزاد ہونا چاہیے اور اس میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے، جو چیزیں سامنے آئی ہیں ان سے بھی عوام کو آگاہی ملنی چاہیے جس کے لیے قانون کے مطابق کمیشن بنایا گیا ہے تا کہ حقائق کو عوام کے سامنے لایا جائے اور اگر کہیں کوئی خلاف آئین و قانون کوئی عمل ہوا ہے تو اس کے متعلق حکومت کمیشن کی تجاویز کے مطابق کاروائی کرئے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے لوگوں سے بھی بات کی، ان کے مسائل سنے اور یوٹیلیٹی سٹور کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات بھی دیں ۔