اسلام آباد،1اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز و کوآرڈینیشن ڈاکٹر ملک مختار احمد نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوشن کی تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈاکٹر ملک مختار احمد کو عوامی فلاح و بہبود کے اہم منصوبے کی پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر کو آگاہ کیا گیا کہ 300 بستروں پر مشتمل ہسپتال ستمبر 2025 تک مکمل ہوگا۔
ڈاکٹر ملک مختار احمد نے عوامی فلاح کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لئے حکومت کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد میں صحت کی موجودہ سہولیات پر بوجھ کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ پی جی ایم آئی- ٹو منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے تعمیراتی شیڈول پر سختی سے عمل کرے۔ انہوں نے کنٹریکٹر کو اسلام آباد میں صحت کی سہولیات پر بوجھ کم کرنے کے لئے مستقبل میں ہسپتال کی عمارت میں مزید منزلوں کے اضافہ کے لئے ضروری انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔