ملتان ؛ کمشنر مریم خان کا محمد بن قاسم بلائنڈ ویلفیئر کمپلیکس کا دورہ،آڈیو سٹوڈیو کا افتتاح

39

ملتان، 02 اپریل (اے پی پی ): کمشنر مریم خان نے محمد بن قاسم بلائنڈ ویلفیئر کمپلیکس کا دورہ کیا اور نابینا بچوں کیلئے آڈیو سٹوڈیو کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر کمشنر مریم خان نے کہا کہ  نابینا افراد کیلئے جنوبی پنجاب کے واحد آڈیو سٹوڈیو سے تعلیمی استعداد میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بریل کتابوں کی کمی کو پورا کرنے بارے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔

 مریم خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بچے بچیوں کا واحد ہاسٹل محمد بن قاسم بلائنڈ ویلفیئر کمپلیکس میں ہے، ادارے کا مقصد نابینا بچوں کو تعلیم و ہنر دے کر معاشرے کا کامیاب فرد بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 45 سال سے قائم اس ادارے سے سینکڑوں نابینا افراد برسر روزگار ہوئے۔

کمشنر مریم خان نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے نابینا بچوں میں شیلڈز و انعامات بھی تقسیم کیے۔