پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ ورثے اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی تعلقات استوار ہیں؛ عطاءاللہ تارڑ

25

اسلام آباد ، اپریل 03 (اے پی پی) : وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ  پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ ورثے اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی تعلقات استوار ہیں، پاکستان کے عوام متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔عزت مآب مرحوم شیخ زید کے پاکستان کی قیادت اور عوام کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات تھے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو یہاں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزعابی سے  ملاقات  میں کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات کے سفیر نے بشام میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت بھی کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایمریٹس ایئر لائن کی پہلی پرواز پی آئی اے کے پائلٹ نے اڑائی جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اعلیٰ مثال ہے۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے یو اے ای کے سفیر کو موجودہ حکومت کے معاشی اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ایف بی آر میں ٹیکس اصلاحات لائی جا رہی ہیں جبکہ معاشی شعبہ میں ڈیجیٹلائزیشن کے لئے کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق تجارت اور بزنس روابط کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔وفاقی وزیر عطاءاللہ تارڑ نے معیشت کی بہتری کے لئے مشترکہ روڈ میپ تشکیل دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 اس موقع پر بات کرتے ہوئے حماد عبید ابراہیم الزعابی کا کہنا تھا کہ یو اے ای نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے اس کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے مطابق دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور تبدیلی کے لئے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے وژن اور کوششوں کو بھی سراہا۔