لاہور، 3 اپریل (اے پی پی): وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کا دورہ کیا اور چیئرمین پی آر اے جاوید بدر سے ملاقات کی۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2012 میں بطور وزیر خزانہ پی آر اے قیام کی سمری منظور کروائی ۔ آج پی آر اے صوبائی سطح پر ٹیکس اکٹھا کرنے والا سب سے کامیاب ادارہ بن چکا ہے۔ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ پی آر اے ٹیکس اکٹھا کرنے والا واحد صوبائی ادارہ ہے جس کے میکانزم میں کوئی کرپشن نہیں
وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ صوبے کے ذاتی وسائل کا 66فیصد پی آر اے کی مرہون منت ہے۔ ادارے میں بہت پوٹینشیل موجود ہے اسے مزید آگے لے جائیں گے۔
وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ پی آر اے کی استعداد کار میں اضافےکے لیے ہیومن ریسورسز سمت تمام ضروریات پوری کی جائیں گی۔
وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ ایف بی آر کےساتھ اعداد و شمار کے تبادلے سمیت تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔ ادارے کو حکومت پنجاب کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔
انھوں نے کہا کہ ادارہ ٹیکس وصولیوں میں دوگناہ اضافے کو یقینی بنائے ۔ ٹیکس وصولیوں میں اضافے کے لیے ٹیکس کی شرح کی بجائے ٹیکس نیٹ میں پھیلاؤ کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ ٹیکس نیٹ سے باہر سروسز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔
ٹیکس وصولیوں کے لیے ان لائن سروسز ، ای کامرس ،بروکرز اور فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارمز سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ پی آر اے اپنے میکانزم کی بدولت با سانی اپنے اہداف حاصل کر سکتا ہے۔