صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں فسٹولا سنٹر اور آر او پی ٹیلی میڈیسن کا افتتاح کر دیا

22

لاہور۔ 03 اپریل۔( اے پی پی ) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں فسٹولا سنٹر اور آر او پی ٹیلی میڈیسن کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ خان، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد، پروفیسر ڈاکٹر معین، پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر، ایم ایس ڈاکٹر فریاد و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو گلدستہ پیش کیا اور خوش آمدید کہا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی بھی شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تھیلیسیمیاء وارڈ میں بچوں کی عیادت کی اور تحائف بھی تقسیم کئے۔تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر معین، پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر اور ایم ایس ڈاکٹر فریاد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نےتقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہدرہ کے گردونواح میں ہزاروں کی تعداد میں عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے پر شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ کو شاباش دیتا ہوں۔

گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں ایچ آر سمیت دیگر تمام ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کریں گے۔شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کے علاج میں کوئی مشکل نہیں آنے دیں گے۔ کوشش ہے کہ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں آنے والے کسی مریض کو بڑے ہسپتال ریفر نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال کو حقیقی معنوں میں ایک ٹرشری کیئر ہسپتال بنانا چاہتے ہیں۔شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال کو جدید طبی سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ پارٹی منشور میں ماں اور بچہ کی صحت کا منصوبہ بھی رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں غلط کام نہیں ہونے دیں گے۔مریضوں کی خدمت پر سیاست کسی صورت قابل قبول نہیں ،سرکاری ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنانے جا رہے ہیں۔