اسلام آباد،04اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار اینڈ فوڈ سیکورٹی رانا تنویر حسین نے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کا باقاعدہ طور پر قلمدان سنبھال لیا ہے۔
وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ آمد پر وفاقی سیکریٹری نیشنل فوڈ کیپٹن ریٹائرڈ محمد آصف اور دیگر سینئر افسران نے وفاقی وزیر کا خیرمقدم کیا۔ وفاقی وزیر کو وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے امور پر بریف کیا گیا۔
افسران سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،زراعت کی ترقی کیلئے تمام تر وسائل بروے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی میں ہی پاکستان کی ترقی و خوشحالی پوشیدہ ہے، پاکستان میں زراعت کی ترقی کے عملی اقدامات کو یقینی بنا کرزراعت کی بہتری کیلیے مربوط حکمت عملی تشکیل دیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے پر عزم ہے، زراعت کی بہتری اور ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔