درمیانے اور چھوٹے شہروں کے مسائل زیادہ ہیں،پنجاب حکومت سیوریج، واٹر سپلائی سسٹم اور پارکوں کے قیام پر کام کر رہی ،وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق

47

 

لاہور؛ 8 اپریل( اے پی پی ) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے پنجاب انٹرمیڈیٹ سیٹیز ڈویلپمنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کا دورہ کیا سیالکوٹ سے رکن صوبائی اسمبلی فیصل اکرام اور ساہیوال سے ممبر ملک ارشد نے شرکت کی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر پی آئی سی آئی آئی پی ایم حمزہ سالک نے پروگرام کے تحت منصوبوں پر بریفنگ دی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا کہ ایشین بینک ساہیوال اور سیالکوٹ میں میونسپل خدمات کیلئے تعاون کر رہا ہے، ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے فیز ون کیلئے 250 ملین ڈالر گرانٹ فراہم کی ہے، محکمہ بلدیات اور پی ایم یو منصوبے پر عملدرآمد کی نگرانی کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ درمیانے اور چھوٹے شہروں کے مسائل زیادہ تکلیف دہ ہیں،پنجاب حکومت سیوریج، واٹر سپلائی سسٹم اور پارکوں کے قیام پر کام کر رہی ہے۔

 وزیر بلدیات نے کہا کہ سیالکوٹ اور ساہیوال میں پی آئی سی آئی آئی پی نے ماڈل پراجیکٹ شروع کئے،دونوں شہروں میں سالڈ ویسٹ سمیت تمام میونسپل خدمات پی آئی سی آئی آئی پی مہیا کرے گامنصوبے کے تحت سیالکوٹ اور ساہیوال میں ادارہ جاتی سپورٹ یقینی بنائیں گے،میونسپل خدمات سے متعلق اداروں کی استعدادکار بھی بڑھائی جائے گی، وزیر بلدیات نے مقامی کمیونٹی بالخصوص عوامی نمائندوں کو پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کمیونٹی موبلائزیشن اور آگاہی کے بغیر اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے،اگلے مرحلے میں دیگر درمیانے شہروں کو اے ڈی پی پروگرام میں شامل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف شہروں، دیہات کے لئے یکساں سکیموں کا آغاز چاہتی ہیں، دیہی آبادی بھی شہری خدمات کی برابر کی حقدار ہے، پی آئی سی آئی آئی پی کے ماڈل پراجیکٹ کے تجربات سے سیکھ کر آگے بڑھیں گے۔