اسلام آباد,16اپریل(اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان آذربائیجان کو اس کے سٹریٹجک محل وقوع، بے پناہ وسائل، ترقی پسند نقطہ نظر اور تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کی وجہ سے ایک اہم ملک کے طور پر دیکھتا ہے۔
وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا جو تاریخی، ثقافتی اور مذہبی مشترکات پر مبنی ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور اعلیٰ عسکری اور دفاعی سطح کی قیادت کے درمیان مسلسل رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔