اسلام آباد17 اپریل( اے پی پی): ورلڈ ہیموفیلیا ڈے پر ہلال احمر پاکستان کی جانب سے بدھ کے روز ہیمو فیلیا اور اس سے متعلق خون بہنے والی دیگر بیماریوں سے آگاہی کیلئے ہائیکنگ کا اہتمام کیا گیا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ہیموفیلیا کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس میں ہیمو فیلیا اور خون بہنے والی دیگر بیماریوں سے متعلق آگاہی دی جاتی ہے، لوگوں میں اس بیماری سے متعلق آگاہی فراہم کرنے اور خون کا عطیہ دینے کے جذبے کو اُبھارنے کیلئے وفاقی دارلحکومت کے مارگلہ ہلز پر ہائیکنگ کا اہتمام کیا گیا۔
ہائیکنگ میں میں ترکش، جرمن، نارویجین اور ہلال احمر کے والینٹئرز(رضا کاروں) سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی ایک کثیر تعداد نے حصہ لیا۔
ہیموفیلیا ایک موروثی بیماری اور غیر معمولی عارضہ ہے جوخون میں جمنے والے پروٹین کی کمی کے باعث لاحق ہوتا ہے اور اس بیماری کی وجہ سے کسی بھی حادثے کے نتیجے میں خون بہنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔