کمشنر ساہیوال ڈویژن کی پلاسٹک بیگز کے خلاف خصوصی مہم چلانے کی ہدایت

56

ساہیوال، 18اپریل(اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پلاسٹک بیگز کے خلاف خصوصی مہم چلانے کی ہدایت کر دی۔ عوام کو ان بیگز سے ہونے والی ماحولیاتی آلودگی بارے آگہی دی جائے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور اپنے آپ کو بیماریو ں سے بچانے کے لئے پلاسٹک بیگز کا کم سے کم استعمال کریں اور روزمرہ اشیاء کی خریدوفروخت کے لئے کپڑے کا بیگ استعمال کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پلاسٹک بیگز سے پیدا ہونے والی مختلف بیماریوں بارے عوامی آگہی کے لئے خصوصی مہم بھی چلائی جائے۔

ان خیالات ک اظہار انہوں نے پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔سٹی مینجر محمد اسجد خان نے پسپ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام بارے بریفنگ دی۔

کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے تمام جاری منصوبوں بالخصوص چینی کنٹریکٹرز کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے میونسپل افسران پر زور دیا کہ شہر اور گردونواح میں جمع ہونے والے کوڑے کو ٹھکانے لگانے کے لئے ڈمپنگ سائیٹ کا تعین کیا جائے اور شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو بھی تیز کیا جائے۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈی جی پی ایچ اے محمد اکرام ملک، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔