معیشت کی بحالی کے لیے سب کو حصہ ڈالنا ہوگا، عوامی فلاح کے لیے وفاقی نظام کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جاسکتا ہے،صدر پاکستان آصف علی زرداری کا نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

11

اسلام آباد ،اپریل 18 (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا ۔ جس سے صدر مملکت آصف زرداری نے اپنا پہلا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج نئے باب کا آغاز کرنے کا وقت ہے، وزیراعظم، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو کامیابی اور منصب سنبھالنے پرمبارکباد دیتاہوں، دوسری بار صدر منتخب کرنے پر اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ ملک کو حالیہ سیاسی بحران سے نکالنا وقت کی ضرورت ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ اپنے لوگوں پر سرمایہ کاری کی جائے اور عوامی ضرورت پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جامع ترقی کی راہیں کھولنا ہوں گی، تفریق سے ہٹ کر عصر حاضر کی سیاست کی طرف بڑھنا ملکی ضرورت ہے۔

صدر پاکستان آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اس ایوان کے ذریعے قوم کی پائیدار ترقی اور بلا تعطل ترقی کی بنیاد رکھی جانی چاہیے،انہوں نے کہا کہ قائداعظم، ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹوجمہوریت، وفاداری، رواداری اورسماجی انصاف کے علمبردار تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پارلیمانی سال کے آغاز پر مستقبل کے وژن کو مختصراًبیان کروں گا، انہوں نے کہا کہ حکومت نوکریاں پیداکرنے، مہنگائی میں کمی، ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے معاشی اصلاحات کرے گی، نتیجہ خیز پارلیمانی اتفاق رائے سے اصلاحات کرنا ہوں گی، سیاسی قیادت کو پسماندہ علاقوں کی ضروریات کو ترجیح دینا ہوگی، معیشت کی بحالی کے لیے سب کو حصہ ڈالنا ہوگا، عوامی فلاح کے لیے وفاقی نظام کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ تمام لوگوں اور صوبوں کے ساتھ قانون کے مطابق یکساں سلوک ہونا چاہیے، ہمیں اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جامع ترقی کی راہیں کھولنا ہوں گی، تفریق سے ہٹ کر عصر حاضر کی سیاست کی طرف بڑھنا ملکی ضرورت ہے، اس ایوان کے ذریعے قوم کی پائیدار ترقی اور بلا تعطل ترقی کی بنیاد رکھی جانی چاہیے۔