پشاور، 18 اپریل (اے پی پی):خیبرپختونخوا حکومت نے متحدہ علماء بورڈ کے ممبران کے لیے اجلاس اعزازیہ مقرر کرنے پر غور شروع کر دیا ہے جبکہ مذکورہ بورڈ کا اجلاس سہ ماہی بنیاد پر منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں خیبرپختونخوا کے وزیر اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ عدنان قادری کی زیر صدارت متحدہ علماء بورڈ کا اجلاس اوقاف ہال بلڈنگ میں منعقد ہوا جس میں خیبرپختونخوا کے تمام مذہبی مکتبہ فکر کے علماء و مشائخ اور سیکرٹری اوقاف نے شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو بورڈ کے مقاصد جیسے باہمی رابطہ کاری، منصوبہ بندی و لائحہ عمل، معاشرے میں پائے جانے والے درپیش چیلنجز کی نشاندہی و دیگر اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ عدنان قادری نے کہا کہ آئمہ کرام کے لیے اعزازیہ مقرر کرنا اور اس پر عملدرآمد کرانے میں متحدہ علماء بورڈ کا کردار بہترین تھا۔آئمہ کرام کو دیئے جانے والے اعزازیہ کی مد میں مزید مثبت اقدامات اٹھائیں گے۔ خیبرپختونخوا میں امن و برداشت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر عدنان قادری نے کہا کہ پورے پاکستان میں خیبرپختونخوا کے معاشرے میں مسلکی و مذہبی ہم آہنگی بہترین ہے۔امن و بھائی چارے کے فروغ کے لیے متحدہ علماء بورڈ کی استعداد کار سے مزید فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مدارس و مساجد کو سولرائزیشن اور دیگر سہولیات کے لیے فنڈز کی فراہمی ممکن بنا رہی ہے۔صوبائی وزیر عدنان قادری نے محکمہ اوقاف کے متعلقہ حکام کو متحدہ علماء بورڈ کے ممبران کے لیے اعزازیہ کی سمری تیار کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ سہ ماہی بنیاد پر متحدہ علماء بورڈ اجلاس منعقد کرنے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔ متحدہ علماء بورڈ کے اراکین کے لیے متحدہ علماء بورڈ کی تجویز پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صوبائی وزیر عدنان قادری نے کہا کہ مساجد و مدارس پر لگائے گئے ٹی وی و دیگر ٹیکسز کے مسائل اعلیٰ فورمز پر اٹھائے جائیں گے۔