اسلام آباد،22اپریل (اے پی پی):ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے علاقائی سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے ، دہشت گردی کے خاتمہ اور خطہ میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پارلیمانی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔
دونوں رہنمائوں کی ملاقات پیر کو یہاں ہوئی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت پارلیمانی روابط، علاقائی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں کے مابین مشترکہ مذہبی روایات و اقدار، ثقافتی ورثے پر مبنی مضبوط دوطرفہ تعلقات، علاقائی استحکام و خوشحالی، پارلیمانی تعاون اور وفود کے بتادلوں کے حوالے سے بھی زور دیا گیا ، اسکے علاوہ دونوں رہنماؤں نے انسانی حقوق اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے یکجہتی کے ساتھ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کو سراہا۔
چیئرمین سینیٹ نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی مسلسل انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور بربریت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کے منصفانہ مقصد کیلئے ایران کی حمایت پر شکریہ اداکیا اور دہشت گردی، سرحدی سلامتی اورخطے میں امن و استحکام کی بہتری کے لئے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے پاکستان کے ساتھ بردارانہ تعلقات کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم اُمہ کی بقاء اور بہتری کے لئے مل کر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے، دہشت گردی ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اسلام وفوبیا کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ان کے خاندان کی ایران کے ساتھ مذہبی اور روحانی وابستگی کو بھی سراہا۔