گوجر خان میں ایسے منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے جس سے شہریوں کو دور رس فوائد حاصل ہوں گے،اے سی مراد حسین نیکوکارہ

16

گوجر خان، 23 اپریل (اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر گوجر خان مراد حسین نیکوکارہ نے بتایا کہ گوجر خان میں ایسے منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے جس سے شہریوں کو دور رس فوائد حاصل ہوں گے۔

یہ بات انہوں نے تحصیل میونسپل  کارپوریشن کے ہیڈ صدف کاظمی کے ہمراہ گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات   میں کی جس میں   گوجرخان میں  تین واٹر سپلائی ٹینک  کی تعمیر  سمیت دیگر ترقیاتی کاموں پر تیزی سے جاری کام سمیت جی ٹی روڈ کی تزئین وآرائش کے منصوبوں سے آگاہ کیا گیا اور ترقیاتی پراجیکٹس کے حوالے سے مشاورت بھی کی گئی۔

اے سی مراد حسین نیکو کارہ  نے بریفنگ میں بتایا کہ گوجرخان میں جی ٹی روڈ پر لائٹس کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور بہت جلد جی ٹی روڈ کی لائٹس کو فنکشنل کر دیا جائے گاجبکہ واٹر سپلائی کے حوالے سے دو واٹر ٹینک بھی تعمیر کیےجائیں گے جس سے گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ کے باوجود پانی کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا نہیں ہوگی اور شہریوں کو گرمیوں میں بھی پانی کی فراہمی میں دشواری نہیں ہوگی۔اس کے علاوہ جی ٹی روڈ پر تزئین وآرائش کا کام بھی جاری ہےاور تحصیل آفس کے سامنے یوٹرن سے کلب کیفے تک پودوں سمیت ٹف ٹال لگائی جائے گی جس پر کام کا آغاز جلد ہی کیا جارہا ہے۔حیاتسر روڈ سمیت مین بازار اور دیگر سڑکوں کی تعمیر شروع کی جا رہی ہے اور ان سڑکوں کے نیچے موجود نالوں کو کشادہ بھی کیا جائے گا تاکہ شہر میں برساتی پانی کھڑا نہ ہو اور پانی کی نکاسی آب بہتر ہوسکے۔