وفاقی وزراءاعظم نذیر تارڑ اور عطاءاللہ تارڑ کی پریس کانفرنس

21

اسلام آباد،23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے منگل کے روز مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے لاپتہ افراد کے حوالے سے ایک کمیٹی بنائی ہے اور وزیر اعظم کی  ہدایت پر لاپتہ افراد کے حوالے سے کام کیا جا رہا ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ گزشتہ چار دہائیوں میں پاکستان نے بے پناہ مشکلات کا سامنا کیا ہے،مسنگ پرسن کا معاملہ دیرینہ اور پیچیدہ ہے، قانونی حل کے ساتھ ساتھ اس کا سیاسی حل نکالنے کی بھی ضرورت ہے، اس کی بہت سی جہتیں ہیں، لاپتہ افراد کے حوالے سے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں لاپتہ افراد ملوث پائے گئے ہیں۔

کانفرنس میں گفتکو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیر قانون نے مسنگ پرسن کے ایشو پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے اور دہشت گردی کا شکار ہونے والے شہداءکے لواحقین کے اس حوالے سے بہت تحفظات ہیں،2011 میں سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کے بارے میں انکوائری کمیشن بنایا تھا، اس کمیشن کے تحت 10023 میں سے 7900 کیس حل ہو چکے ہیں، 23 فیصد کیس زیر التواء ہیں اور ہماری نیت اس مسئلے کو حل کرنا ہے۔

ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان انتخابات میں دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹا گیا ہے مگر اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخابات میں کلین سویپ کیا جبکہ تحریک انصاف کے جھوٹ، تشدد پر مبنی بیانیہ، قول و فعل میں تضاد اور متضاد بیانات کو پاکستان کے عوام نے مسترد کر دیا ہے۔

بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مضحکہ خیز باتیں کی جاتی رہیں، مگر ان کے تمام طبی ٹیسٹ درست آئے ہیں اور وہ صحت مند ہیں۔

سعودی وفد اور ایرانی صدر کے حالیہ دورے سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایرانی صدر نے 10 ارب ڈالر کے تجارتی حجم کی بات کی، سعودی وفد نے بھی پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری پر بات کی ہے۔ سٹاک مارکیٹ ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ چکی ہے، 306 ملین ڈالر کی آئی ٹی ایکسپورٹس ہوئیں ہیں، محمد شہباز شریف کی حکومت کے باعث ملک میں سرمایہ کاری آ رہی ہے اور ملک ترقی کی طرف گامزن ہے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان پہلے ہے، سیاسی جماعتیں بعد میں ہیں، ترقی پاکستان کا مقدر ہے، موجودہ حکومت پاکستان کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور انشاءاللہ ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔