ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کا دورہ  پاکستان ،  وفد کراچی روانہ ، گورنر پنجاب نے رخصت کیا

8

 

لاہور، 23 اپریل ( اے پی پی ): اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اپنے وفد کے ہمراہ منگل کی شام اولڈ ایئرپورٹ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے اپنی اہلیہ عائشہ بلیغ اور صوبائی وزراء کے ہمراہ ایرانی معززین کو الوداع کیا۔

 وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق، وزیر خوراک و لائیو سٹاک بلال یاسین، وزیر صنعت چوہدری شفیع حسین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایرانی حکام نے وفد کو روانہ کیا۔ لاہور میں قونصل جنرل مہران مواحد فر، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور، سی سی پی او اور دیگر افسران موجود تھے۔

یہاں لاہور کے ایک دن کے دورے کے دوران، ایرانی صدر اور دیگر معززین نے بڑا مصروف دن گزارا جس میں متعدد سرکاری مصروفیات تھی، جو دونوں برادر مسلم ممالک کے درمیان دوطرفہ بات چیت اور تعاون کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ان مصروفیات کا مقصد موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔ لاہور میں مصروفیات کی تکمیل کے بعد اعلیٰ سطحی ایرانی وفد کراچی روانہ ہوگیا۔