تیمور لیسٹےکی وزارت برائے سماجی یکجہتی کے وفد کا بی آئی ایس پی  ہیڈکوارٹرز کا دورہ

19

اسلام آباد،24 اپریل(اے پی پی):تیمور لیسٹےکی وزارت  برائے  سماجی یکجہتی  کے 12رکنی وفد نے بی آئی ایس پی  ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ کیا، وفد کی قیادت وزیر برائے  سماجی یکجہتی ویرونیکا داس ڈورس نے کی۔دورے کا مقصد سماجی تحفظ کے اقدامات میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وسیع تجربے سے سیکھنا تھا۔

اس موقع پر سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے غریب افرادکو درپیش  مسائل سے نمٹنے کے لیے تجربات اور بہترین طریقوں کے تبادلے کی اہمیت پر زوردیا جبکہ ڈی جی این ایس ای آر/سی سی ٹی نوید اکبر  نے وفد کو  بی آئی ایس پی کے اقدامات  پر جامع بریفنگ دی۔

وفد کی سربراہ ویرونیکا نے  بی آئی ایس پی کو اس کے مؤثر پروگراموں کے لیے سراہا۔انہوں نے  بی آئی ایس پی کے آپریشنل فریم ورک بالخصوص  این ایس ای آر ڈیٹا بیس کو سمجھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔سیکرٹری بی آئی ایس پی کی جانب سے وفد کو  تکنیکی مدد کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی ۔

وفد میں پاکستان کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کی کنٹری ڈائریکٹر اور نمائندہ  کوکو اوشیاما اور ڈبلیو ایف پی کی کنٹری ڈائریکٹر اور نمائندہ البا سیسیلیا گارزون بھی شامل تھیں۔بی آئی ایس پی  کی جانب سے  ڈاکٹر طاہر نور، ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی اور تمام ڈائریکٹر جنرلز  اس موقع پر موجود تھے۔