لاہور،30اپریل (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں کرغزستان کے اعزازی قونصل مہر کاشف یونس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراوردو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے مہر کاشف یونس کو کرغزستان کا اعزازی قونصل تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور امیدظاہر کی کہ وہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے درمیان روابط دو طرفہ تعاون کے فروغ میں بہت اہم ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوںمیں اشتراک کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم کے شعبے میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔
اعزازی قونصل مہر کاشف یونس نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ پاکستان اور کرغزستان کے مابین تجارت کو فروغ دینے کے لیے پاک کرغزستان سرمایہ کاری کانفرنس اگلے ماہ لاہور میں منعقد ہو گی جس سے یقینا ًدونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط مزید مستحکم ہوں گے ۔