کوئٹہ، یکم مئی(اے پی پی): مزدوروں کے عالمی دن یوم مئی کی مناسبت سے مختلف تقاریبات اور ریلیاں نکالی گئی۔ اس دن کی مناسبت سے کوئٹہ ریلوئے اسٹیشن، میٹرو کارپوریشن، بلوچستان یونیورسٹی سمیت مختلف مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی لیاقت لہڑی، رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان، تاجر یونین نمائندوں سمیت مزدوروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ریلوے محنت کش یونین کے زیر اہتمام تقریب سے ٹریڈ یونین نمائندوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے مزدور طبقہ بہت پریشان ہے، برھتی ہوئی مہنگائی کی مناسبت سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور ریلوئے ملازمین کی جائز مطالبات حل کئے جائے اور کوئٹہ سے دیگر شہروں میں جانے والی بند ٹرینیں فوری طور پر کھولی جائے۔
بلوچستان لیبر فیڈریشن کے چیئرمین رمضان اچکزئی نے کہا کہ ملک کے منافع بخش اداروں کی نجکاری سے روکا جائے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تنخواہ دار طبقہ شدید مہنگائی سے پریشان ہے، ملک کے حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ ملازمین کو مکمل ریلف دے۔ انہوں نے کہا کہ 1886 میں شگاگو کے شہداءنے جو قربانی دی آج تک ان کی قربانی کو یاد رکھا جاتا ہے، شگاگو کے شہداءنے مزدوروں کو غلامی سے نجات دلایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما رکن صوبائی وزیر میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ شہداءشکاگو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،شہداءشکاگو کے بدولت کام کرنے کا وقت متعین ہوا، آج کا دن مزدوروں کے متحد ہونے کا دن ہے۔
میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ بلوچستان کے بند ٹرینوں کو بحال کیا جائے گا، ریلوے ملازمین کا مسائل کو حل کرینگے،کوئٹہ سے بند ٹرینوں کو چلانے کے لیے وفاق سے رابط کرینگے ملازمین کے مسائل ہر فورم پر اٹھائیں گئے۔
جماعت اسلامی کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ اس وقت مہنگائی سے مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی سے غریب طبقہ شدید متاثر ہے،موجودہ حکومت کی زمہ داری ہے کہ ملک میں مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کم سے کم کیا جائے اور مزدورں سمیت پاکستان کی عوام کو مکمل ریلیف دیا جائے۔
تقریب کے اختتام پر یوم مئی کے حوالے سے ریلی نکالی گئی، ریلی میں مزدوروں سمیت ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی، ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی میزان چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔