تھرپارکر، 03مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی انسداد پولیو مہم کا جائزہ لینے کے لیے ضلع تھرپارکر کے تحصیل ڈاہلی اور تحصیل چھاچھرو پہنچ کر پولیو موبائل ٹیموں، ٹرانزٹ پوائنٹس، فکس پوائنٹس سمیت تعلقہ اسپتال چھاچھرو ، بنیادی صحت مرکزکھینسر اور گاؤں بگہل، گاؤں ویرہاڑی، ساکری سمیت دیگر مقامات کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے فیلڈ میں پولیو ٹیموں کی موجودگی کا بھی جائزہ لیا، انہوں نے فیلڈ میں موجود انسداد پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پانچ سال اور اس سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی دیئے جائیں اور اس کام میں کوئی بھی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، غفلت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اس دوران ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے پولیو کے قطرے پلائے جانے والے بچوں کے فنگر مارکنگ کو چیک کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے پولیو ٹیم ورکرز سے درپیش آنے والے مسائل کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے پولیو ورکرز کو کہا کے پولیو مہم کے دوران ہر ممکن مدد کرنے سمیت سہولیات فراہم کی جائیں گی، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تحصیل ڈاہلی عدیل احمد سوہو، اسسٹنٹ کمشنر چھاچھرو عبدالسلام میرانی سمیت مختیارکار اور محکمہ صحت کے عملدار موجود تھے۔