سیکرٹری داخلہ پنجاب کا سنٹرل جیل ڈیرہ غازیخان کا دورہ ،انتظامات کا جائزہ ،قیدیوں سے مسائل دریافت کئے

27

ڈیرہ غازیخان،3 مئی (اے پی پی )سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے سنٹرل جیل ڈیرہ غازی خان کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا اور قیدیوں سے ان کے مسائل دریافت کئے۔قبل ازیں جیل پہنچنے پر سیکرٹری داخلہ کو جیل وارڈنز نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور سکیورٹی اقدامات،قیدیوں کو فراہم کردہ سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب نےکہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے تحت جیل ریفارمز پر عمل درآمد ہماری اولین ترجیح ہے اور فوڈ اتھارٹی کے افسران مہینہ میں ایک بار جیل کھانوں کا معائنہ کریں۔انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے حصول پر قیدیوں کو سرٹیفکیٹس بھی دیئے جائیں اور قیدیوں کو کام کے تحت ہی سزا کمی میں ریلیف دیا جائے گا۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ قیدی بچوں کی جیل میں ہنر سکھانے کیساتھ کونسلنگ بھی کی جائے اور قیدیوں کیلئے فائدہ مند ہنر متعارف کروائے جائیں جن سے انکی اجرت میں اضافہ ہو۔نورالامین مینگل نے جیل کے کھانے میں بہتری کیلئے مقامی ایکسپرٹ کو فوری طور پر ہائیر کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی حجامت و صفائی کے ساتھ کچن اور بیرکس میں ایک ہی کلر کی ٹائلز لگائی جائے تین ماہ بعد کھانے کے مینو میں تبدیلی پر مشاورت بھی کی جائیگی۔انہوں نے جیل ہسپتال،چلڈرن،جنرل وارڈز،جیل فیکٹری اور ٹیوٹا انسیٹیوٹ کی کلاسز کا معائنہ بھی کیا۔

اس موقع پر ایکسیئن بلڈنگ یاسر علی نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کو جیل میں تعمیراتی پراجیکٹ پر بریفنگ دی۔ دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک،اے ڈی سی آر میاں رضوان نذیر،پی اے محمد اسد چانڈیہ،سپرنٹنڈنٹ زبیر چیمہ،ڈپٹی ڈائریکٹرڈویلپمنٹ امیرمسلم،ایکسیئن یاسر علی،ڈی ایچ او ڈاکٹر کامران بھٹہ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بلال اصغر ان کے ہمراہ تھے۔