وزیراعظم شہبازشریف کی چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ بھجوانے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد

25

اسلام آباد ،3مئی (اے پی پی): وزیراعظم شہبازشریف نے جمعہ کے روز چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ بھجوانے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی اور سیٹلائیٹ کی لانچنگ کو پاکستان ٹیلی ویژن پر براہِ راست دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے پاکستان کے چاند پر سیٹلائیٹ بھیجنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ’آئی کیوب قمر‘ سیٹلائٹ خلاءمیں پاکستان کے پہلا قدم ہے اور جوہری میدان کی طرح اس میدان میں بھی ہمارے سائنسدان، انجینئرز اور ہنرمند اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں۔

وزیر اعظم نے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی ، اس کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید، سپارکو سمیت تمام ٹیم خاص طور پر پراجیکٹ میں حصہ لینے والے طالب علموں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ کامیابی سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیتوں کو بڑھائے گی، سائنسی تحقیق، اقتصادی ترقی اور قومی سلامتی کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی اور مواصلاتی ڈھانچے میں خود مختاری کے اس خواب کی مکمل تعبیر سے پاکستان بھی اس شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنے والے ممالک میں شمار ہو گا۔