محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کا پالتو جانوروں کی دیکھ بھال اور علاج و معالجہ کےحوالے سے اہم اقدام

72

لاہور،03 مئی:( اے پی پی ) محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کا پالتو جانوروں(Pets) کی دیکھ بھال اور علاج و معالجہ کےحوالے سے ایک اہم اقدام۔صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نےلاہور میں سروس ڈلیوری کےلئے پہلی موبائل لائیو سٹاک کلینک کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ۔

افتتاحی تقریب محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کوپر روڈ لاہور میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب مسعود انور کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل(توسیع)آصف ساہی بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موبائل وین لاہور شہر میں لوگوں کے گھروں کی دہلیز پر جا کر پالتو جانوروں(Pets) کے علاج و معالجہ کےلئے فری سروس کی سہولت فراہم کرے گی۔وین میں جانوروں کے لئے ادویات،چیک اپ اور الٹراساونڈ کی فری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

صوبائی وزیر نے موبائل وین میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا اور کہا کہ ایک ڈاکٹر ،وٹنری اسسٹنٹ ،ایٹنڈنٹ اورڈرائیور سمیت چار لوگ وین میں دو شفٹس میں ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔ وین کی مالیت 85لاکھ روپے ہے۔

بعد ازاں صوبہ میں مزید 25 موبائل وینز کا اضافہ کیا جائے گا، یہ موبائل وینز دوسرے مرحلے میں مختلف اضلاع کو فراہم کی جائیں گی۔عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وین پر رہنمائی اور مفت مشورہ کے لئے ٹال فری نمبر ضلع لاہور کے لئے 080009211/ 0331۔6428829 درج کیا گیا ہے۔