ساہیوال،06 مئی (اے پی پی): وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ طلباء کو جدید تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم فراہم کئے بغیر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جا سکتا جس کے لئے اساتذہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح پبلک لائبریری میں تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور یونیورسٹی ٹیوٹرزسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ طلباء کی تعداد سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملک کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے جہاں سے اب تک 50 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات اپنی تعلیمی پیاس بجھا چکے ہیں۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ بچوں کو تعلیم کی فراہمی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ وہ طلبہ و طالبات اپنے آپ کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈھال سکیں۔
وائس چانسلر اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے بتایا کہ ساہیوال میں ریجنل کیمپس کی 2ایکڑ پر محیط سٹیٹ آف دی آرٹ نئی عمارت کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا جس سے ڈویژن کے ہزاروں طلباء و طالبات مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ میں ٹیچرز لائبریری بھی بنائی جائے گی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے بتایا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے قیام کے50سال مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان 50سالوں میں 50لاکھ سے زائدافراد یونیوسٹی سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں اور اب وہ مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انرولمنٹ کے لحاظ سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا شمار ایشیا کی دوسری بڑی یونیورسٹی کے طور پر ہوتا ہے۔
ریجنل ڈائیریکٹر ڈاکٹر احمر ذولفقار نون نے بتایا کہ ساہیوال ریجن میں 20 ہزار سے زائد طلباء انرول ہیں جنہیں ریجنل کیمپس میں داخلے سے لے کر ڈگری حاصل کرنے تک تمام سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اساتذہ اور طلبہ و طالبات سے انکے مسائل دریافت کئے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے ٹیوٹرز کے معاوضے میں اضافے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
تقریب میں پرنسپل گورنمنٹ کالج پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد وٹو، چیف لائبریرین جناح لائبریری نمیرہ خورشید اور ساہیوال بورڈ کے سابق چیئرمین حافظ محمد شفیق سمیت اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔