سرگودھا، 08 مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان نےبدھ کے روز سیف لائف تھیلیسیمیا سنٹر کا دورہ کیا ۔انہوں نے مریض بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی اور زیر ِ علاج بچوں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا اورانھیں تحائف دیئے۔ اس موقع پر سیف لائف تھلیسمیا سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تنویر سلہری اور دیگر بھی موجود تھے۔بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا8مئی کو پوری دنیا میں تھیلیسیمیاکا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ ہمارے ملک میں تھیلیسیمیاکا مرض جس شدت سے پھیل رہا ہے اس سے ہم سب واقف ہیں،میری نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ شادی سے پہلے اپنا تھیلیسیمیاکا ٹیسٹ ضرور کرائیں تاکہ اس مرض کو ملک میں روکا جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ان بچوں کو دیکھ کر دکھی ہوئیں کیونکہ یہ ننھے پھول اس مرض کے ساتھ اپنی زندگی جینے پر مجبور ہیں اور انہیں خون کی ضرورت رہتی ہے۔ ہم سب کو زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات دینے چاہیئں تاکہ یہ پھول مرجھا نہ سکیں۔ انہوں نے سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تھیلیسیمیا بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ادارہ میں رفاعی خدمات انجام دینے والے ممبران میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔