حکومت حجاج کرام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے،چوہدری سالک حسین

34

لاہور ،10 مئی (اے پی پی): ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور  چوہدری سالک حسین نے کہا کہ حکومت حجاج کرام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

یہ بات انہوں  نے جمعہ کے روز یہاں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سرکاری حج پرواز کے ذریعے حجاز مقدس روانہ ہونے والے عازمین کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور  چوہدری سالک حسین نے حج2024کیلئے 287عازمین حج کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے رخصت کیا۔ عازمین حج کو انہوں نے خصوصی تلقین کی کہ وہ حجاز مقدس میں اللہ کے مہمان اور پاکستان کے سفیر بن کر جا رہے ہیں،سعودی قوانین اور ثقافت کا خیال رکھیں،اللہ کے حضور جہاں اپنے اور اپنے عزیز و اقارب کے لئے دعا کریں گے وہاں خصوصی طور پر عالم اسلام بالخصوص پاکستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعا کریں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ حج پر جارہے ہیں وہ خوش نصیب ہیں اور اس خوش نصیبی پر جتنا بھی اللہ تعالی کا شکرادا کریں وہ کم ہے،یہاں اس موقع پر موجود ہونا میرے لیے فخر کا مقام اور اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کیلئے یہ لمحہ باعث مسرت ہے کہ آج وہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ان کے مہمانوں کو حج پرواز کے ذریعے حجاز مقدس روانگی کے لئے الوداع کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میں خود بھی تین چار دن تک روانہ ہوں گا اورخود وہاں جاکر انتظامات کا جائزہ لوں گا، سعودی عرب میں پاکستانی حجاج کرام کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے درمیان موجود رہ کر ان کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام بروئے کار لاؤں گا۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ سعودی حکومت نے میرے لیے وی آئی پی حج کی سہولیات دینے کا کہا لیکن میں نے اپنے ملک کے حجاج کرام میں رہنے کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ اس بار انتظامات سابقہ ادوار سے بالکل مختلف ہوں گے اور آپ کو اس کا فرق واضح نظر آئے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس بار ہر حاجی کو سم دی جارہی ہے، جس میں اپلیکیشن موجود ہے ،منی میں راستہ بھولنے کی صورت میں ایپ کی مدد سے رہنمائی لی جا سکے گی۔انہوں نے حاجیوں سے درخواست کی کہ وہ وہاں جاکر ملکی سلامتی کیلئے دعا کریں کیونکہ دعائیں بہت سے راستے کھول دیتی ہیں۔اس سے قبل ڈائریکٹر حج سنٹرل پنجاب لاہور رضوان شفیق اور چیف آپریٹنگ آفیسر سول ایوی ایشن نذیر احمد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ حکومتی اور باالخصوص وفاقی وزیر مذہبی امور کی خصوصی ہدایات پر حجاج کرام کو سفر کے دوران بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر سیرین ایئر لائن عبدالباسط بھی موجود تھے۔